ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پندرہ دنوں کے اندر ریت نکالنے کی اجازت نہیں ملی تو دیشپانڈے کی رہائش گاہ کے سامنے دیا جائے گا دھرنا۔بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے دیا انتباہ

پندرہ دنوں کے اندر ریت نکالنے کی اجازت نہیں ملی تو دیشپانڈے کی رہائش گاہ کے سامنے دیا جائے گا دھرنا۔بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے دیا انتباہ

Tue, 25 Sep 2018 19:37:26    S.O. News Service

بھٹکل 25؍ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ہوناور علاقے میں ریت کی سپلائی بند رہنے کی وجہ سے یہاں پر تعمیراتی کام رک گئے ہیں اور منصوبوں کی تکمیل متاثر ہوئی ہے۔ اگر آئندہ پندرہ دنوں کے اندر حکومت کی طرف سے ندیوں سے ریت نکالنے پر لگائی گئی پابندی ہٹائی نہیں گئی تو پھر علاقے کے عوام کے ساتھ ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کی رہائش گاہ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان بھٹکل ہوناور حلقے سے بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل نائک نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ آف جیولوجی اینڈ مائننگ کے افسران کی ایک ٹیم نے پچھلے دنوں ہوناور پہنچ کر یہاں شراوتی ندی میں موجود ریت کے ذخیروں کا معائنہ کیا ہے۔لیکن ریت نکالنے کا اجازت نامہ جاری کرنے کے لئے مناسب اقدام نہ کرتے ہوئے خواہ مخواہ تاخیر کی جارہی ہے۔ ریت کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے اسکول، کالج، سڑک اور رہائشی مکانات کی تعمیر کے لئے منظور شدہ سیکڑوں سرکاری منصوبے بند پڑے ہوئے ہیں۔چونکہ ان سب منصوبوں کے لئے ریت بنیادی ضرورت کی چیز ہے اس لئے ترقیاتی کام آگے بڑھانا ناممکن ہوگیا ہے۔ 

سنیل نائک کا کہنا تھا کہ شراوتی ندی کی تہہ میں مناسب مقدار میں ریت موجود رہنے کے باوجود قانونی رکاوٹ کی وجہ سے روایتی طریقے سے ریت نکالنا بھی ممکن نہیں ہے جس سے اس علاقے میں ریت کا قحط پیداہوگیا ہے۔پابندی کی وجہ سے ریت نکالنے کے پیشے سے وابستہ سیکڑوں مزدوروں کی روزی روٹی کا سوال بھی پیدا ہوگیا ہے۔لہٰذا عوامی مفاد اور سرکاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ریت کی فراہمی شروع کرنے کے لئے سرکارکو فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے ریت نکالنے پر لگی پابندی ہٹادینی چاہیے ۔ بصورت دیگر ضلع انچارج وزیر کے گھر کے سامنے دھرنا دینا ضروری ہوجائے گا۔


Share: